حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے نویں اور دسویں کے امتحانات کے حوالے سے طلبہ و طالبات کو امتحانی سلپیں اور ایڈمٹ کارڈ نہ ملنے پر پریشانی کا سامنا ہے ۔
اس حوالے سے میڈیا کوآرڈینیٹر تعلیمی بورڈ حیدرآباد اعجاز کاکا کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ وطالبات کو سلپیں جاری ہوچکی ہیں۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد تعلیمی بورڈ نے تمام طلبہ وطلبات کو سلپیں جاری کردی ہیں۔
میڈیا کوآرڈینیٹر کا کہنا تھا کہ کچھ طلبہ وطالبات نے آن لائن فارم جمع کرائے، گزشتہ 3 ماہ سے فارم جمع ہونے کا سلسلہ جاری تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جن بچوں نے آن لائن امتحانی پورٹل بند ہونے کے بعد فارم جمع کرایا صرف ان کی سلپیں جاری نہیں ہوئیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایک دن میں تعلیمی بورڈ سوال نامہ، جوابی کاپی اور دیگر ڈاکیومنٹ کیسے چھپوا سکتا ہے؟ ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ وطالبات کو سلپیں جاری ہوچکی ہیں۔
حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے میڈیا کوآرڈینیٹر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو طلباء و طالبات اب شکایت کررہے ہیں وہ پورا سال کہاں تھے ؟ ہم 2 ماہ سے یہی کام مسلسل کررہے تھے اور جب امتحان سر پر آگیا تو وہ اپنے والدین اور ہم کو بھی پریشان کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں : حیدرآباد کے سینکڑوں طلبہ امتحانی فارم جمع کرانے سے محروم
آن لائن امتحانی پورٹل بندش سے حیدرآباد میں نویں اور دسویں جماعت کے سینکڑوں طلبا و طالبات کے امتحانی فارم ، امتحانی سلپ اور ایڈمٹ کارڈ جاری نہ ہوسکے۔
طلبا و طالبات کی بڑی تعداد رات گئے تک اپنے والدین کے ہمراہ تعلیمی بورڈ آفس میں دربدر ہوگئے۔والدین کا کہنا تھا کہ بورڈ انتظامیہ نے ہمارے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگادیا ہے۔