حیدرآباد : پنیاری کے علاقے سے مغوی نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے اغواء کاروں نے تاوان وصول کرنے کے باجود نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے پنیاری تھانے کی حدود سے25 سالہ مغوی نوجوان احسن کی لاش ملی ہے، اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا اور پوسٹ مارٹم کیلئے لاش کو سول اسپتال منتقل کردیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان کو چند روز قبل اسی علاقے سے اغواء کیا گیا تھا، مقتول احسن کے اہل خانہ نے متعلقہ تھانے میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔
مقتول احسن کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اغواء کاروں نے احسن کی رہائی کے لئے3لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا جو انہوں نے ادا بھی کردیا لیکن تاوان لینے کے بعد بھی اغواکاروں نے احسن کو قتل کردیا، اہل خانہ نے پولیس کے اعلٰی حکام سے انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔