سندھ کے شہر حیدرآباد میں آندھی اور مٹی کے طوفان کے سبب بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
ترجمان حیسکو کا کہنا ہے کہ شہر کے 140 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، متعدد مقامات پر بجلی کی تاریں ٹوٹ گئی ہیں۔
حیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ درخت بھی بجلی کی تاروں پر گرے ہیں۔
ترجمان حیسکو کے مطابق سیفٹی کی بنیاد پر بھی کافی فیڈرز بند کیے گئے ہیں، آندھی رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔
یہ پڑھیں: کراچی والے ہوجائیں تیار! محکمہ موسمیات کا بارش سے متعلق اہم بیان
محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ 5 مئی کی شام کو کراچی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بارش کا سلسلہ ایک سے دو روز تک جاری رہے گا۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج آندھی، ژالہ باری اور تیز بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ بالائی سندھ اور بلوچستان میں شام کے وقت آندھی اور بادل برسنے کا امکان ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی بادل برسنے کیلئے تیار ہیں، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران،کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت بیشتر علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔