کراچی : حیدری مارکیٹ کے ایک شاپنگ مال میں لگنے والی آگ نے گودام کو خاکستر کردیا، فائر بریگیڈ نے کارروائی کرکے آگ پر قابو پالیا۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں حیدری مارکیٹ کی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر قائم گارمنٹس دکان کی بیسمنٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔
آتشزدگی کے دوران عمارت کے فلیٹوں کے مکین گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ بیسمنٹ میں دھواں بھرنے سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔
اس حوالے سے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فائربریگیڈ حکام نے فوری طور پر امدادی کاورروائیوں کا آغاز کی آپریشن میں 6 گاڑیوں اور اسنارکل کی مدد سے آگ پر قابو پالیا۔
اس حوالے سے چیف فائر آفیسر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ حیدری مارکیٹ میں آگ ایک دکان کے گودام میں لگی تھی، کولنگ کا عمل جاری ہے، گودام میں دھواں بھرجانے سے ایک شخص کی طبیعت غیر ہوئی۔
چیف فائر آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ گودام میں ایمرجنسی کا راستہ نہیں تھا، آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی۔