لاہور: آل راؤنڈر افتخار احمد زمبابوے کے ساتھ دوسرے ایک روزہ میچ میں 5 وکٹیں لینے پر نہایت خوش دکھائی دے رہے ہیں، انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انھیں برینڈن ٹیلر کی وکٹ حاصل کر کے بہت خوشی ہوئی۔
افتخار احمد کا کہنا تھا کہ میں بیٹنگ آل راؤنڈر ہوں لیکن ڈومیسٹک میں کافی وکٹیں حاصل کیں، ڈومیسٹک میں پرفارمنس کی وجہ سے کپتان اور ٹیم مجھ پر اعتماد کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا عماد وسیم اچھے بولر ہیں لیکن ان کا دن نہیں تھا، اس لیے مجھے بولنگ ملی، برینڈن ٹیلر کی وکٹ حاصل کر کے مجھے بہت خوشی ہوئی۔
گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا تھا کہ افتخار احمد کو بولنگ اور بیٹنگ دونوں کر لینے کی وجہ سے کھلایا جاتا ہے، پاکستان کو مزید اچھے آل راؤنڈرز کی ضرورت ہے۔
پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے، سیریز کا آخری میچ منگل (3 نومبر) کو کھیلا جائے گا۔
زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو 207 رنز کا ہدف دیا تھا، بابر اعظم کی شان دار نصف سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 35.2 اوورز میں حاصل کر لیا، میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے پر افتخار احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔