اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں کمی کے لیے تمام اقدامات کی نگرانی کر رہا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ترجمانوں کو پی ایس ڈی پی پر بریفنگ دی۔
اسد عمر نے پی ایس ڈی پی منصوبوں اور ان پر اخراجات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں لیگی رہنماؤں کے کراچی میں ایم کیو ایم سے ملاقات کا تذکرہ بھی ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگ آپس میں ملتے ہیں یہی جمہوریت ہے، حکومت کو ان ملاقاتوں سے کوئی نقصان نہیں، ایم کیو ایم حکومت کی اتحادی جماعت ہے، سندھ کے معاملات پر ایم کیوایم و دیگر اتحادی جماعتیں رابطے میں ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان میں پی ایس ایل کے انعقاد پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میں پی ایس ایل کے دوران اکثر اسٹیڈیم خالی ہوتے تھے، پاکستان کے اسٹیڈیم میں شائقین کی تعداد قابل تعریف ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد سے عالمی دنیا پر مثبت پیغام جا رہا ہے، سیاحت کے شعبے میں بھی حکومت مسلسل کام کر رہی ہے، سیاحوں کی پاکستان آمد میں دوگنا اضافہ ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات کو اعداد وشمار کے ساتھ اجاگر کریں، میڈیا پر مکمل اعداد وشمار کے ساتھ جایا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی میں کمی کے لیے تمام اقدامات کی نگرانی کر رہا ہوں۔