اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ میں ایم کیو ایم پاکستان کے کوٹے پر وزیر نہیں بنا۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کے کوٹے پر وزیر نہیں ہوں، ایم کیو ایم کا رکن ہونے اور وزیر بننے میں فرق ہے، وزارت قانون میں بطور وزیر صرف پاکستان کی نمائندگی کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت سنانے والے خصوصی عدالت کے جج جسٹس وقار سیٹھ کے خلاف وفاق کے کہنے پر ریفرنس تیار کر رہے ہیں، وفاقی حکومت نے جسٹس وقار سیٹھ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور فروغ نسیم میں ناراضی کی باتیں افواہ ہیں، عامر خان
نیب آرڈیننس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سے کسی کرپٹ کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، 99 فیصد مقامات میں ملزمان کو ریلیف نہیں ملے گا، مجموعی طور پر کرپٹ افراد کو فائدہ نہیں ہوگا۔
مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا کہ اگر سینیٹر مشاہد اللہ چاہیں تو میں ذاتی خرچ پر ان کا کسی اچھے ڈاکٹر سے علاج کروا سکتا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے حوالے سے قانون سازی سے متعلق سپریم کورٹ کو آگاہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔