لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت چاہے جتنے ہتھکنڈے آزمالے، وہ ڈرنے والی نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے نیب دفتر میں پیشی کے لیے رائیونڈ سے روانہ ہوتے وقت غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ‘میں ڈرنے والی نہیں ہوں۔’
پرویز رشید اور خرم دستگیر سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کے ساتھ ایک قافلے کی صورت نیب دفتر کے لیے روانہ ہونے والی مریم نواز نے کہا کہ حکومت جتنی مرضی ہتھکنڈے آزما لے، میں اور میرے والد اپنے مؤقف پر قائم ہیں، میرے اوپر بنایا گیا اراضی کیس جعلی طور پر بنایا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایک سال قبل بھی 8 اگست کو نیب نے کورٹ لکھپت جیل سے مجھے گرفتار کیا تھا۔
مریم نواز کی نیب میں پیشی، ن لیگی قیادت نے کارکنان کو بھی بلالیا
خیال رہے کہ مریم نواز آج قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیش ہو رہی ہیں، ن لیگی رہنما پر رائیونڈ میں خلاف قانون سستی اراضی خریدنے کا الزام ہے، نیب نے ان سے چودہ سو چوالیس کنال اراضی پر جواب طلب کر رکھا ہے۔
نیب میں پیشی کے موقع پر لیگی قیادت کی جانب سے کارکنوں کو بھی رائیونڈ اور قومی احتساب بیورو (نیب) دفتر پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم جب لیگی خواتین کارکنان نیب دفتر پہنچیں تو انھیں دفتر سے باہر نکال دیا گیا۔
اس موقع پر ن لیگی کارکنوں کی رکاوٹیں توڑنے کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی، نیب میں مریم نواز کی پیشی پر ٹھوکر نیازبیگ سے ملتان روڈ دونوں اطراف سے بند کی گئی ہے، ملتان سے لاہور داخل ہونے والا ٹریفک ای ایم ای روڈ کی طرف موڑا جا رہا ہے۔
لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے اس موقع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج مریم نواز کو نیب میں جھوٹی انکوائری کے لیے بلایا گیا ہے، ہر چوک پر جان بوجھ کر ہمارے کارکنوں کو روکا جا رہا ہے، لوگ میلوں سے پیدل چل کر آ رہے ہیں، پورے لاہور میں ٹریفک جام ہے، یہ ثبوت ہے کہ لوگ نواز شریف، شہباز شریف، مریم کے ساتھ ہیں۔