اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پانامہ لیکس کے ایشو پر بولنے کی وجہ سے مجھے بلیک میل کیا جارہا ہے اور دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ پیچھے ہٹ جاؤں مگر یہ ممکن نہیں ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ’’نوازشریف خاندان ایک فیکڑی سے شروع ہوا تھا مگر سیاست میں آنے کے بعد انہوں نے 30 سے زائد فیکٹریاں بنا لی ہیں، پیسوں کے حوالے سے جب بھی حکمران خاندان سے سوال کیا جاتا ہے تو دوسری کہانی سُنا دیتے ہیں۔
پڑھیں : کرپشن کے خلاف تحریک کا باقاعدہ آغاز پشاور سے ہوگا،عمران خان
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’کرپشن کی وجہ سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے مگر اب عوام کو سارے مسائل کا اندازہ ہوگیا ہے۔ عوام حکمرانوں کی کرپشن سے تنگ ہیں اور اس کے خلاف آواز بلند کرنا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں : وزیر اعظم جواب نہیں دیتے، بلیک میل کرتے ہیں،عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’’7 اگست سے شروع ہونے والی تحریک کرپشن کے خلاف ہے ، ہم عوام کو سڑکوں پر نکالیں گے اور اُن کا لوٹا ہوا پیسہ ملک میں واپس لائیں گے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’جو کرپشن کی نشاندہی کرتا ہے اُسے حصہ دے دیا جاتا ہے اور پھر وہ خاموشی اختیار کرلیتا ہے‘‘۔
سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ ’’پانامہ لیکس پر آواز بلند کرنے کی وجہ سے میرے خلاف ریفرنس دائر کروائے گئے اور مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ میں اپنے مطالبے سے پیچھے ہٹ جاؤں مگر موٹو گینگ میرے خلاف جو بھی اقدامات کرے میں اپنے مطالبے سے کسی پیچھے نہیں ہوں گا‘‘۔
یہ بھی پڑھیں : مراد سعید کے والد کا چالان کرنے والا ٹریفک اہلکار معطل
خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’’خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں اصلاحات کا قانون منظور کیا اور پولیس کو غیر سیاسی بھی کیا گیا، اب صرف آئی جی خیبرپختونخوا کے پاس اہلکاروں کے تبادلے و تقرریوں کا اختیار ہے‘‘۔