کراچی: نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس کی اہلیہ نے کہا ہے کہ انھیں پورا یقین ہے مرید عباس کو عاطف زمان نے مارا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ٹی وی اینکر مرید عباس کی اہلیہ نے کہا ہے کہ عاطف زمان ٹائر کا بزنس کرتا ہے، اس نے لوگوں سے پیسے لے رکھے تھے۔
اہلیہ کا کہنا تھا کہ ہم نے سرمایہ کاری کر رکھی تھی، وہ بندہ پیسے نہیں دے رہا تھا، عاطف زمان کسی کے بھی پیسے نہیں دے رہا تھا، ڈرامے کر رہا تھا، عاطف زمان ہی نے فون کر کے مرید کو بلایا تھا۔
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ عاطف زمان کا گھر خیابان نشاط میں ہے، پولیس کے پہنچنے پر اس نے خود کو گولی ماری، جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: فائرنگ کے واقعات میں نجی چینل کے اینکر سمیت پانچ افراد جاں بحق
پولیس کے مطابق اینکر مرید عباس کو گولی مارنے والے ملزم نے خود کو بھی گولی ماری، ملزم عاطف نے موقع سے فرار ہو کر گھر جا کر خود پر گولی چلائی۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ مرید عباس پر فائرنگ کرنے والا اس کا جاننے والا تھا، فائرنگ چائے کے ہوٹل پر بیٹھے افراد پر کی گئی۔
پولیس کا واقعے کے بارے میں یہ بھی کہنا ہے کہ ڈیفنس اور خیابان بخاری میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات ہوئے، فائرنگ کے ایک واقعے میں اینکر مرید عباس جاں بحق ہوئے جب کہ دوسرے میں ڈیفنس میں خضر نامی شخص جاں بحق ہوا۔