اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میرا تعارف سماجی کارکن کا ہے جس پر فخر ہے، میں سیاست میں روزگار اور کاروبار کے لیے نہیں آئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروفیشنل ازم کے ساتھ اچھا انسان ہونا ضروری ہے، میرا تعارف سماجی کارکن کا ہے جس پر فخر ہے، سماجی کارکن کسی منصب پر پہنچتا ہے تو اس کی ترجیح انسانیت ہوتی ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ میری تربیت میں میرے والدین کا اہم کردار ہے، میں سیاست میں روزگار اور کاروبار کے لیے نہیں آئی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نا ممکن کو ممکن بنا کر پاکستان کے ایوانوں میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ڈنکے کی چوٹ پرکہتی ہوں عمران خان سیاست دان نہیں ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ شوکت خانم غریب اور مستحق لوگوں کے لیے امید کی کرن ہے، آج کا مریض جاگیردار، سرمایہ دار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسراس ملک میں غریب کے لیے درد سر بنا ہوا تھا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امیر کے لیے تو اتنی مشکلات نہیں کیوں کہ وہ پیسے والا ہوتا ہے، عمران خان نےغریبوں کے لیے کینسر کا اسپتال بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا تعارف اسلامی فلاحی ریاست کا ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو علاج کی سہولتیں دے، اسپتالوں میں 90 فیصد لوگ مریضوں کو سہولتیں دے رہے ہیں، اسپتالوں میں 10 فیصد ایسے بھی ہیں جو مریضوں کا استحصال کرتے ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے کو اپنے مقصد کو نہیں بھولنا چاہیے، طبی شعبے سے وابستہ ہر شخص کا فرض دکھی انسانیت کی خدمت ہے، بدقسمتی سے پبلک اسپتالوں میں مریض، ڈاکٹرز کا رشتہ کمزور ہوتا نظر آتا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسٹیٹس کو چیلنج کریں تو وہاں رکاوٹوں کا سامنا ہوتا ہے، لیڈرشپ پرعزم ہو تو حیلے بہانے منزل پر پہنچنے سے نہیں روک سکتے۔