کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انھیں پوری امید ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اس مشکل وقت میں سندھ حکومت کی مدد کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد آج کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ کراچی میں کام کرانے کے لیے وفاقی حکومت کی مدد لینا ہوگی، پوری امید ہے وزیر اعظم عمران خان سندھ حکومت کی مدد کریں گے۔
انھوں نے کہا ’امید کرتے ہیں جیسے 2010 کے فلڈ میں مدد کی گئی تھی وفاق پھر ویسی مدد کرے گا، سندھ میں بارشوں سے نقصانات نیشنل ڈیزاسٹر ہے، کراچی میں نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں، پھر وفاق سے مدد کی درخواست کریں گے، وفاقی حکومت جب مددکی بات کرتی ہے تو اس پر ویسے ہی عمل کرے جیسے آصف زرداری کرتے تھے۔‘
مراد علی شاہ نے بتایا کہ تمام کمشنرز کو صورت حال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے، شہری اور دیہی علاقوں میں ہونے والے نقصانات کی رپورٹ تیار کر کے وزیر اعظم کو فراہم کی جائے گی، انھوں نے بھی کہا ہے کہ وفاق بھرپور مدد کرے گا۔
وزیراعظم کا آئندہ چند روز میں کراچی جا کر خود حالات کا جائزہ لینے کا اعلان
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہے، اکثر یہ سنتا ہوں کہ حکومت کہیں نظر نہیں آ رہی، انتظامیہ کے لوگ گراؤنڈ پر تو موجود ہیں، اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا، ریسکیو کے کاموں میں آرمی اور نیوی نے ہماری بھرپور مدد کی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا چیئرمین این ڈی ایم اے سے کل بات ہوئی انھوں نے ٹینٹس کی فراہمی کا کہا، میں نے انھیں بتایا کہ کراچی میں ٹینٹس کام نہیں آتیں، ہمارے پاس پوری فہرست ہے متاثرین کو مختلف اسکولوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔
انھوں نے کہا نالوں پر انکروچمنٹ جیسے مسائل کو حل کرنا ہے، سڑکوں کا بھی مسئلہ ہے، اوپر سے روڈ اچھی نظر آتی ہیں لیکن اندر کھوکھلے ہوتے ہیں، یاد ہے ناظم آباد کی سڑکیں چوڑی ہوتی تھیں آج تنگ ہیں، کراچی کی سڑکیں بہتر کریں گے، کچرے سے متعلق مسائل حل کریں گے، کراچی شہر کو اندر سے کھوکھلا کر دیا گیا ہے، نالوں سے انکروچمنٹ ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔