جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

فوج نے جو پیغام دینا تھا دے دیا، حالات ٹھیک ہوتے دیکھ رہا ہوں: شیخ رشید

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو تکلیف ہے کہ فوج آئینی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، افواج پاکستان کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ بدامنی نہیں چاہتے۔

تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے آج کور کمانڈرز کانفرنس کے تناظر میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان کا بیان بہت اہم ہے، فوج نے جو پیغام دینا تھا دے دیا، حالات ٹھیک ہوتے دیکھ رہا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے واضح کہہ دیا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، مولانا فضل الرحمان 48 گھنٹے میں ایک واضح فیصلہ کر لیں گے، اسلام آباد میں بیٹھ کر مذہبی انتہا پسندی کا پیغام دیا جا رہا ہے، مولانا کے مارچ کی وجہ سے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹی۔

تازہ ترین:  تمام خطرات کے خلاف ملک کا دفاع کریں گے، آرمی چیف

شیخ رشید کا کہنا تھا مشکل وقت میں بھی افواج پاکستان کے خلاف ایسی گفتگو نہیں سنی جو اب کی گئی ہے، تمام سیاسی صورت حال سمجھ میں آ رہی ہے، فوج نے واضح پیغام دے دیا ہے، حالات ٹھیک ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ جب بھی بات ہوتی ہے ریلیف ان لوگوں کو ہی ملتا ہے، جدوجہد کسی اور کی ہوتی ہے فائدہ ن لیگ اور پی پی اٹھاتی ہے۔

واضح رہے کہ آج آرمی چیف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 226 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی معاملات پر ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لیے ضروری ہے، ہم تمام خطرات کے خلاف ملک کا دفاع کریں گے، افواج پاکستان آئین کے مطابق فرائض انجام دیتی رہے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں