کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہری انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ مجھے یہ شہر صاف ستھرا چاہیے، میں اور کچھ نہیں جانتا، جو بھی درخت کاٹے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ کی صدارت میں کراچی میں صفائی پر اجلاس منعقد ہوا، مراد علی شاہ نے کہا کہ سڑکوں پر ملبوں کا ڈھیر ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، ضلعی انتظامیہ کیا کر رہی ہے۔
انھوں نے اجلاس میں شہر میں درخت کاٹنے کے واقعات کا بھی سختی سے نوٹس لیا، کہا لوگ بلڈنگ بنانے کے لیے درخت کاٹ دیتے ہیں، جو درخت کاٹے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے، ضلعی انتظامیہ اپنے اختیارات کا استعمال کرے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈی سیز کو صفائی ستھرائی کے کام کی نگرانی کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: گرین لائن منصوبہ تاخیر کا شکار، شہری 3 سال سے منصوبے کی تکمیل کے منتظر
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ماس ٹرانزٹ اور بی آر ٹی سے متعلق بھی خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سعید غنی، اویس شاہ، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں منصوبے پر نمایش سے میونسپل پارک تک کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایم اے جناح روڈ کا دیگر سڑکوں سے منسلک ہونا بہت ضروری ہے، یہ کام کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ لیاری، کیماڑی، پاکستان کوارٹرز اور گل بائی ایم اے جناح روڈ سے منسلک ہوں گے، انڈر گراؤنڈ سے مختلف روٹس کو ایم اے جناح روڈ سے ملانا مشکل ہو جائے گا اس لیے روٹ روڈ پر بنایا جائے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سندھ نے منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔