کراچی: سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ عوام فیصلہ کر رہے ہیں کہ میں اچھی معیشت چلا رہا تھا اسحاق ڈار چلا رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس وقت آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا اور ساتھ میں مہنگائی کنٹرول کرنا بہت ضروری ہے، معاہدے میں دیر نہ کی جاتی تو آج یہاں تک نہ پہنچتے، اسحاق ڈار جب آئے تو آئی ایم ایف کو آنکھیں دیکھا کر پیچھے ہٹے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پچھلے 3 سال میں ہم نے ریاست پر سیاست کو ترجیح دی جس کا نتیجہ سامنے ہے، بنگلادیش اور دیگر ممالک ہم سے آگے نکل چکے، اقتدار کی لڑائی میں ہم سیاسی دشمنیاں کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ملک کیلیے کسی نے کچھ نہیں کیا۔
سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ شرح سود بڑھ گیا اور ڈالر مزید مہنگا ہوگیا، اب ہم سب کو مار لگے گی، ذاتی مفادات سے نکل کر آگے بڑھنا ہوگا، آج شہباز شریف، اسحاق ڈار اور اپوزیشن سمیت کوئی بھی سیاستدان خوش نہیں ہوگا، صرف ناخوش ہونے سے کچھ نہیں ہوتا بیٹھ کر بات کرنا ہوگی۔