کراچی : ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کلفٹن میں لگے پرانے درختوں کو ورثہ قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔
ان خیالات کا اظہار ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلےپیپلز اسکوائر پر گاڑی کھڑی کرنے کی جگہ نہیں ہوتی تھی، اب وہاں پر خوبصورت لینڈ اسپیسز بنائی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پبلک سیفٹی کمیشن کے 12 میں سے 4 ممبران تنقید کررہے ہیں، وہ 4 ممبران پی ٹی آئی، جی ڈی اے کے ہیں، وہ تو پی پی پر تنقید ہی کرینگے۔
رہنما پی پی پی نے کہا کہ کمیشن کی آڑ میں سیاست کرنے والے سیاست کریں، ہمارا کام خدمت کرنا ہے، ان 4 ممبران کو عدالت جانا ہے تو خوشی سے جائیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اپنے آپ کو کراچی کا نمائندہ کہنے والے اگر وفاق کے خلاف ریلی نکالتے تو خوشی ہوتی، کراچی میں گیس ناپید ہے لیکن اس پر چپ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہوتی اگر ایم کیو ایم کراچی کے مسائل پر ریلی نکالی، وفاقی نمائندے تو کہتے ہیں گیس لوڈشیڈنگ بڑھے گی، وفاق کو سندھ میں گیس کی دستیابی یقینی بنانی چاہیے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ مافیاز کی جانب سے چینی کا بحران پیدا کرکے اربوں منافع کمایا گیا، جیسی وفاقی حکومت ہے کے الیکٹرک بھی ویسی ہی ہوئی ہے۔
انہوں نے وزیر توانائی عمر ایوب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمر ایوب باتیں کم کریں اور کام پر دھیان دیں، سندھ حکومت واحد ہے جس نے بلدیاتی نظام چلنے دیا۔