کراچی: ہوا بازی کی بین الاقوامی آڈٹ ٹیم قومی ایئر لائن کا مکمل آڈٹ کرے گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ہوا بازی کی بین الاقوامی آڈٹ ٹیم اگلے مہینے پاکستان کا دورہ کرے گی، ایاٹا آپریشنل سیفٹی آڈٹ IOSA ٹیم پی آئی اے کا مکمل آڈٹ کرے گی۔
آڈٹ کا مقصد پی آئی اے کے سیفٹی میعار اور طیاروں کی جانچ پڑتال ہے، ایئر لائنز کا ہر دو سال بعد اس سلسلے میں دوبارہ جائزہ لیا جاتا ہے۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کے تحت تجارتی ہوا بازی کی حفاظت کی کارکردگی کے نتائج جاری کیے جاتے ہیں، ان نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہوائی حادثات کی روک تھام میں آئی او ایس اے (ایاٹا آپریشنل سیفٹی آڈٹ) کی کتنی اہمیت ہے اور اس کی پاس داری کتنی ضروری ہے۔
IOSA سرٹیفیکیشن آڈٹ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تشخیصی نظام ہے جو ایک ایئر لائن کے آپریشنل مینجمنٹ اور کنٹرول سسٹم کا اندازہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
دوسری طرف یورپ اور برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی کے سلسلے میں انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پی آئی اے 65 سال پرانے روٹ سے دست بردار نہیں ہوگی، قومی ایئر لائن نے پابندی کے دوران متبادل ذرائع سے آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چارٹرآپریشن کی خواہش مند کمپنیوں کے لیے پی آئی اے نے ٹینڈر بھی جاری کر دیا، یورپ اور برطانیہ کے لیے چارٹرڈ آپریشن کی پیشکشیں طلب کی گئیں، اشتہار میں کہا گیا ہے کہ چارٹر طیاروں کی خدمات 3 سے 6 ماہ کے لیے حاصل کی جائیں گی۔