نیویارک : معروف کمپیوٹر ساز کمپنی آئی بی ایم نے سب سے چھوٹی اور طاقتور ترین مائیکرو چپ تیار کرنے کا دعویٰ کردیا۔
امریکی ملٹی نیشنل کمپیوٹر ساز کمپنی انٹرنیشنل بزنس مشین کارپوریشن (آئی بی ایم) کی جانب سے دنیا کی سب سے چھوٹی اور تیز ترین مائیکرو چپ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس کا سائز ناخن کے برابر ہے۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 نینو میٹر کی چپ میں پچاس ارب ٹرانزسٹر لگائے ہیں جو معلومات کو پراسیس کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
کمپیوٹر ماہرین کا کہنا ہے کہ چپ جتنی چھوٹی ہوگی پروسیسر اتنا ہی بہترین اور طاقتور تصور کیا جائے گا، جس کی مدد سے موبائل فونز کی بیٹریاں زیادہ دیر تک چل سکیں گی اور لیپ ٹاپ بھی زیادہ رفتار سے کام کرسکتے ہیں۔
توقع کی جارہی ہے کہ آئی بی ایم کی تیار کردہ 2 نینو میٹر کی چپ جدید ترین 7 نینو میٹر کی چپ کے مقابلے میں 45 فیصد بہتر اور تقریبا 75 فیصد کم توانائی استعمال کرے گی اور 2024 یا 25 تک اس کی صنعتی طور پر تیاری شروع ہوجائے گی۔
دنیا میں اس وقت 10 اور 7 نینو میٹر ٹیکنالوجی کی حامل چپس موجود ہیں جب کہ کچھ اداروں نے پانچ نینو میٹر کی چپس بھی تیار کی ہیں۔