دبئی: کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث برطانیہ نے بھارت کو ریڈ لسٹ میں ڈال دیا ہے،برطانیہ کے اس فیصلے نے آئی سی سی کو بھی تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا کے باعث بھارت کی ریڈ لسٹ میں شمولیت نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو تشویش میں ڈال دیا ہے، بھارت کی ریڈ لسٹ میں شمولیت کے باعث رواں سال جون میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
یہی نہیں رواں سال اگست میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز پر بھی خطرے کے بادل منڈلانے لگے ہیں، آئی سی سی نے تمام اقدامات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت کو ریڈ لسٹ میں ڈالنے پر حکومت برطانیہ سے رابطہ کیا ہے، امید ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل پلان کے مطابق انگلینڈ میں کھیلا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں: لارڈز تاریخی میچ کی میزبانی سے محروم
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ آئی سی سی نے کرونا وبا کے باعث ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا وینیو تبدیل کردیا تھا، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل لندن سےساؤتھمپٹن منتقل کیا گیا اس سے قبل ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل ہوم آف کرکٹ لارڈز میں شیڈول تھا۔
گذشتہ روز برطانوی حکومت نے کرونا کے بڑھتے کیسز اور تیسری وبا کے خطرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بھارت کو سفری ریڈلسٹ میں شامل کرنےکا اعلان کیا تھا، یہ اعلان برطانوی وزیراعظم بورس جانسن دورہ بھارت منسوخ ہونے کے بعد کیا گیا تھا۔
سیکرٹری صحت میٹ ہینک کوک کا کہنا تھا کہ برطانوی اور آئرش شہریوں کو پابندی سے استثنیٰ ہو گا، بھارت سے صرف برطانوی اور آئرش شہری ہی برطانیہ میں داخل ہو سکتے ہیں۔