منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

کورونا وائرس، کرکٹ قوانین میں بڑی تبدیلیاں کر دی گئیں

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی: کرکٹ کے عالمی نگراں ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے کورونا وائرس کے پیش نظر کھلاڑیوں کی صحت اور کھیل کو محفوظ بنانے کے لیے قوانین میں بڑی تبدیلیاں کر دیں۔

آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹو کمیٹی نے انیل کمبلے کی سربراہی میں بننے والی کرکٹ کمیٹی کی تیار کردہ سفارشات کا بغور جائزہ لینے کے بعد تبدیلیوں کی منظور دی ہے۔

تھوک سے گیند چمکانے پر پابندی

آئی سی سی نے احتیاطی تدابیر کے تحت گیند کو چمکانے کے لیے تھوک کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی ایسا کرتا ہوا پایا گیا تو امپائر صورتحال کے مطابق کچھ نرمی کریں گے اور ٹیم کو وارننگ دیں گے۔

فی اننگز میں ٹیم کو دو وارننگ دی جائیں گے جس کے بعد مسلسل اس عمل کو دہرانے پر بیٹنگ سائیڈ کو 5 رنز دے دیے جائیں گے جب کہ بولنگ سے قبل کھلاڑی کو گیند پر لگی تھوک صاف کرنے کا پابند کیا جائے گا۔

متبادل کھلاڑی

ٹیسٹ میچ کے دوران کسی کھلاڑی میں کورونا علامات ظاہر ہونے پر ٹیم کو متبادل پلیئر شامل کرنے کی اجازت ہوگی تاہم اس کے لیے میچ ریفری سے منظوری ضروری ہوگی۔

متبادل کھلاڑی کے حوالے سے منظورہ شدہ نیا اصول ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے نہیں ہوگا۔

نیوٹرل امپائر کی شرط ختم

میچ کے لیے نیوٹرل امپائر کی شرط ختم کر کے میزبان ملک کے امپائر کے انتخاب کی اجازت دے دی گئی، یہ تبدیلی پروازوں کی بندش اور فضائی سہولیات کی بروقت دستیابی نہ ہونے کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

ڈی آر ایس میں اضافہ

سی ای سی نے اضافی ڈی آر ایس کی منظور بھی دی ہے جس کے مطابق اب ٹیسٹ میچ کی فی اننگز میں ایک ٹیم کو دو کی بجائے تین ڈی آر ایس دیے جائیں گے۔
مقامی امپائر کی کم تجربہ کار ہونے کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے ٹیسٹ میں مزید ایک ڈی آر ایس شامل کی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں