اس وقت پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2025 کی تیاریوں زور شور سے جاری ہیں، ایسے حالات میں کمائی کیلیے جوا مافیا نے بھی اپنی آستینیں چڑھالیں۔
جیسے ہی کرکٹ کا کوئی بڑا ایونٹ ہونے لگتا ہے تو جوا مافیا بھر پور طریقے سے متحرک ہوجاتا ہے، بد قسمتی سے لاہور اور اس کے مضافات میں رہنے والا ہر دوسرا شخص ان میچوں پر جوا کھیلتا دکھائی دیتا ہے۔
بکیوں کی اکثریت نے پولیس سے بچنے کے لئے پوش اور عام رہائشی علاقوں اور میں کرائے پر بنگلوز اور فلیٹس لئے ہوئے ہوتے ہیں جہاں اربوں روپے کا جوا کھیلا جارہا ہے۔
ان دنوں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2025 کی تیاریاں جاری ہیں ساتھ ہی یہ جوا مافیا بھی سرگرم ہوگیا تو ٹیم سرعام نے ان کیخلاف پھرپور کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کا قلع قمع کرنے کی کوشش کی اور کسی حد تک کامیابی بھی ملی۔
اس سلسلے میں ٹیم سر عام نے خفیہ اطلاع ملنے پر پنجاب کے علاقے پتوکی کے ایک علاقے میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر ایک عمارت میں مشترکہ کارروائی کی۔
اس عمارت سے بڑی منصوبہ بندی کے تحت جوئے کی گزشتہ کئی دنوں سے واردات کامیابی سے جاری تھی جسے دیکھ کر یہ کہنا بہت مشکل تھا کہ یہاں سے یومیہ لاکھوں روپے کا جوا کھلوایا جاتا ہے۔
یہ کام کرنے والے ایک مخصوص اکاؤنٹ بنواتے ہیں جس میں بکیز جوئے کی رقوم جمع کراتے ہیں۔اس کے علاوہ جواریوں کی جانب سے موبائل فون، واٹس ایپ اور وائبر سے مدد سے بھی رابطہ کر کے جوا کھیلا جارہا تھا۔
اس موقع پر ایک گھر میں موجود اعظم نامی بُکی سے بات کی تو پتہ چلا کہ یہ کام بہت مؤثر طریقے سے بین الصوبائی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابی سے جاری ہے، ملزم نے ٹیم سر عام کو اپنے طریقہ واردات سے تفصیلی آگاہ کیا۔