دبئی : آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019کی ٹرافی پیر سے اکیس ممالک کے دورے پر روانہ ہوگی جبکہ چمچماتی ٹرافی تین اکتوبر کو پاکستان لائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ دوہزار انیس کی ٹرافی کے سفر کا آغاز ستائیس اگست کو دبئی سے ہوگا، ٹرافی اپنے سفر میں پانچ براعظم کے اکیس ممالک اور ساٹھ شہروں سے ہوتی ہوئی میزبان ملک انگلینڈ پہنچے گی۔
ورلڈ کپ کی چمچماتی ٹرافی تین اکتوبر کو پاکستان لائے جائے گی اور چار اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ٹرافی کی رونمائی ہوگی، پاکستان میں دس روز کے دوران کراچی اور اسلام آباد میں بھی ٹرافی کی منہ دکھائی ہوگی۔
نو ماہ کے دوران ورلڈ کپ کی ٹرافی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے ممالک کے علاوہ دیگر گیارہ ممالک میں بھی جائے گی، جس میں نیپال ، امریکہ اور جرمنی بھی شامل ہیں۔
دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ آئندہ سال تیس مئی سے برطانیہ میں شروع ہوگی اور پہلا میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان اوول کے میدان میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج پر کھیلا جائے گا۔
یہ ٹورنامنٹ 14 جولائی تک جاری رہے گا۔
آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2019 کا فارمیٹ وہی رکھا گیا ہے جس کے تحت آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقدہ ورلڈ کپ 1992 ورلڈ کپ کھیلا گیا تھا، راؤنڈ رابن طرز پر کھیلے گئے تاریخی ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے عمران خان کی قیادت میں ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔
پاکستان اپنا آخری لیگ میچ پانچ جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گی۔