بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 23 رنز سے شکست دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

لیڈز: ورلڈ کپ 2019 کے 42ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 23 رنز سے شکست دے دی، اکرام علی خیل کی 86 رنز کی اننگز بھی افغانستان کو شکست سے نہ بچاسکی، افغانستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں ایک میچ بھی نہیں جیت سکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے دئیے جانے والے 312 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 288 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بریتھ ویت نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کی پہلی وکٹ 5 رنز پر گری جب کپتان گلبدین نائب 5 رنز بنا کر کیمار روچ کی گیند پر لوئس کو کیچ دے بیٹھے، رحمت شاہ 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اکرام علی خیل نے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں کرس گیل نے آؤٹ کیا، نجیب اللہ زردان 31 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، اصغر افغان 40 رنز بنا کر بریتھ ویت کا نشانہ بنے۔

آل راؤنڈر محمد نبی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سمیع اللہ شنواری کو 6 رنز پر کیمار روچ نے آؤٹ کیا، راشد خان 9 رنز بناسکے، دولت زردان ایک رن بناسکے، سید شیرزاد 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کے بریتھ ویت نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کیمار روچ نے تین وکٹیں حاصل کیں، کرس گیل اور اوشین تھامس ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل لیڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 312 رنز کا ہدف دیا تھا، دولت زردان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 21 رنز پر گری جب کرس گیل 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ایون لوئس 58 رنز بنا کر راشد خان کا نشانہ بنے، شائے ہوپ نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں محمد نبی نے آؤٹ کیا۔

ہیٹ مائر کو 39 رنز پر دولت زردان نے پویلین روانہ کیا، نکولس پورن 58 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، کپتان جیسن ہولڈر 45 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے، بریتھ ویت 14 رنز بنا کر ناٹ اؤٹ رہے۔

افغانستان کے دولت زردان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد نبی اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں آج افغانستان اور ویسٹ انڈیز مدمقابل ہیں، ویسٹ انڈیز نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

 آئی سی سی ورلڈ کپ کے 42 ویں میچ میں آج افغانستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں۔

افغانستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک 8 میچز کھیل چکی ہے اور اسے تمام میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پوائنٹس اسکورننگ ٹیبل پر افغانستان صفر پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی اب تک 8 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے وہ ایک ہی میچ جیت سکی، 6 میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک بارش کی نذر ہوا۔ 3 پوائنٹس کے ساتھ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اسکورننگ ٹیبل پر نویں نمبر پر ہے۔

ٹاس جیتنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ ٹورنامنٹ کو اچھے انداز میں ختم کرنا چاہتے ہیں۔

افغانستان کے کپتان گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، وکٹ اچھی ہے، اسپنرز کو مدد ملے گی۔ ہم نے گزشتہ میچز میں اچھا کھیلا۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، جو اچھا کھیلے گا وہی جیتے گا۔

ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل کے لیے آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔ پاکستان اگر اپنے آخری میچ میں بنگلہ دیش کو بڑے مارجن سے شکست دے دے تو اس کا سیمی فائنل میں جانے کا امکان ایک بار پھر روشن ہوسکتا ہے۔

ورلڈ کپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں