ٹاؤنٹن: ورلڈ کپ 2019 کے 23ویں میچ میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، شکیب الحسن کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹاؤنٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا جانے والا 322 رنز کا ہدف بنگلہ دیش نے 41.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، شکیب الحسن نے شاندار سنچری اور لٹن داس نے نصف سنچری اسکور کی۔
بنگلہ دیشی اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو 51 رنز کا آغاز فراہم کیا، سومیا سرکار 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تمیم اقبال 48 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔
مشفیق الرحیم ایک رن بنا کر تھامس کا شکار بنے، 133 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد شکیب الحسن اور لٹن داس کے درمیان عمدہ شراکت داری قائم ہوئی جو بنگلہ دیش کی فتح تک قائم رہی۔
شکیب الحسن 124 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ لٹن داس نے 69 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔
Shakib Al Hasan. Take a bow.
Liton Das. Take a bow.
Bangladesh win by seven wickets! #RiseOfTheTigers#WIvBAN | #CWC19 pic.twitter.com/H5Q5EcUZKe
— Cricket World Cup (@cricketworldcup) June 17, 2019
ویسٹ انڈین بولر بنگلہ دیشی بلے بازوں کے آگے بے بس نظر آئے، آندرے رسل اور تھامس کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آسکی۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ 2019 میں یہ دوسری کامیابی ہے اس سے قبل بنگلہ دیش نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی۔
اس سے قبل ٹاؤنٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ نے انڈیز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 322 رنز کا ہدف دیا، محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
کرس گیل کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین بھیجنے کے باوجود بنگلہ دیشی بولرز ویسٹ انڈیز کو بڑا ہدف دینے سے نہیں روک سکے، ایون لوئس نے 70 اور شائے ہوپ نے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
پورن 25 اور شیمرون ہیٹ میئر نے 50 رنز بنائے، آندرے رسل بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کپتان جیسن ہولڈر نے 15 گیندوں پر 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ڈیرن براؤو 19 رنز بناسکے۔
بنگلہ دیش کے محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمان نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شکیب الحسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
That’s the end of the innings – West Indies finish on 321/8.
Shai Hope top-scored with 96 while Shimron Hetmyer and Evin Lewis also hit half-centuries. For Bangladesh, Mustafizur and Saifuddin both took three wickets. #WIvBAN | #CWC19 pic.twitter.com/x3yTovpvVu
— Cricket World Cup (@cricketworldcup) June 17, 2019
اس سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں آج بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیمیں یکساں پوزیشن پر ہیں۔ دونوں ٹیموں نے 4 میچز کھیلے جن میں سے صرف ایک میں فتح اور 2 میں شکست کھائی۔ دونوں ٹیموں کا ایک میچ منسوخ ہوا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 3 ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کو بارش شدید متاثر کر رہی ہے۔ ورلڈ کپ 2019 سب سے زیادہ میچز منسوخ ہونے والا ورلڈ کپ بن گیا ہے۔
بارش کے باعث میچز میں تاخیر اور مختصر اوورز کا کھیل بھی معمول کی بات بن گیا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے۔
رواں برس ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے۔ فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9، 9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔