آئی سی سی نے ون ڈے پلیئر رینکنگ جاری کر دی ہے جنوبی افریقہ کے اسپنر کیشو مہاراج نے بھارتی پیسر محمد سراج سے بولر کی ٹاپ رینکنگ چھین لی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق جنوبی افریقی اسپنر کیشو مہاراج نے بولرز میں بھارتی پیسر محمد سراج سے ٹاپ رینکنگ چھین لی ہے جب کہ بیٹرز میں بھارتی اوپنر شبھمن گل بدستور پہلی اور پاکستانی کپتان بابر اعظم دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
How the @MRFWorldwide ICC Men's ODI Player Rankings stack up ahead of #CWC23 knockouts
✍️: https://t.co/fgDGzPPoev pic.twitter.com/zlTztt68R2
— ICC (@ICC) November 14, 2023
آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل سے قبل جاری کردہ تازہ ون ڈے پلیئرز رینکنگ کے مطابق بولرز رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے بائیں ہاتھ کے اسپنر کیشو مہاراج نے بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور 726 پوائنٹ کے ساتھ ایک درجے ترقی کا زینہ چڑھ کر ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جب محمد سراج 723 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
بیٹرز کی فہرست میں ٹاپ تھری میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے جہاں شبھمن گل، بابر اعظم اور کوئنٹن ڈی کاک موجود ہیں۔
آئی سی سی کی رینکنگ کے مطابق ٹاپ بلے بازوں کی فہرست میں بھارتی اوپنر شبھمن گل 832 پوائنٹ کے ساتھ پہلے، پاکستانی قائد بابر اعظم 824 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے، جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک 773 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے اور ویرات کوہلی 772 پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
بھارتی کپتان ایک درجہ ترقی پاکر پانچویں اور وینڈر ڈوسان چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جب کہ ڈیوڈ وارنر دو درجہ تنزلی کے بعد 751 پوائنٹ کے اتھ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے خلاف میچ میں بہترین بیٹنگ کا صلہ انگلش بیٹر میلان کو دو درجے ترقی کی صورت میں ملا ہے اور وہ 729 پوائنٹ کے ساتھ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر نویں جب کہ پروٹیز کھلاڑی کلاسین دسویں نمبر پر ہیں۔
بولرز کی فہرست میں کیشو مہاراج پہلے، محمد سراج دوسرے نمبر پر ہیں اس کے بعد اب تک ورلڈ کپ کے ٹاپ وکٹ ٹیکر آسٹریلوی اسپنر ایڈم زیمپا ہیں جو 695 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ بھارتی پیسر جسپرت بمراہ ایک ساتھ چار درجے ترقی پاکر چوتھی پوزیشن پر براجمان ہوگئے ہیں ان کے پوائنٹ 687 ہیں۔
بمراہ کے ٹیم میٹ کلدیپ یادیو 682 پوائنٹ کے ساتھ پانچویں، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ 682 پوائنٹ کے ساتھ چھٹی، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ ساتویں، افغانستان کے راشد خان آٹھویں نمبر پر ہیں۔
ورلڈ کپ کے آخری دو میچوں میں ناقص پرفارمنس کے باعث پاکستانی پیسر چار درجے تنزلی کے ساتھ پانچویں سے نویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جب کہ افغان بولر تین درجے ترقی پاکر ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئے ہیں۔
ون ڈے کے ٹاپ آل راؤنڈر میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
اس فہرست کے مطابق بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن (پہلی)، افغانستان کے محمد نبی (دوسرے)، زمبابوے کے سکندر رضا (تیسرے)، افغانستان کے راشد خان چوتھے، آسٹریلیا کے گلین میکسویل پانچویں نمبر پر ہیں۔