انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نئی ون ڈے رینکنگ میں ویرات کوہلی بہترین بلے باز، افغانستان کے راشد خان باؤلر اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بہترین آل راؤنڈر قرار پائے ہیں جب کہ بہترین ٹیم کے لیے انڈیا نے بازی مارلی ہے.
حال ہی میں معروف اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ ازدواجی رشتے سے منسلک ہونے والے ویرات کوہلی کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور انہوں نے 9 سو سے زائد پوائنٹس حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے جب کہ ٹیسٹ رینکنگ میں بھی کوہلی 9 سو سے زائد پوائنٹس حاصل کرکے دونوں طرح کی کرکٹ میں نو سو پوائنٹس لینے والے اے بی ڈیولیئرز کے بعد دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔
آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں بلے باز ویرات کوہلی پہلے نمبر پر براجمان ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلیرز 844 پوئنٹس کے ساتھ مطمئن کھڑے نظر آتے ہیں اور 823 پوئنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان کے نوجون بلے باز بابر اعظم کا چوتھا نمبر ہے انہوں نے 813 پوائنٹس حاصل کیے۔
باؤلنگ کے شعبے میں افغانستان کے راشد خان 787 اور بھارتی بولر جسپرٹ بومرہ 787 پوائنٹس لے کر یکساں طور پر پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ 20 بہترین باؤلرز میں پاکستان کے حسن علی پانچویں نمبر تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں انہوں نے 711 پوائنٹس حاصل کیے اسی طرح آل راؤنڈ کیٹیگری میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے نمبر پر اور پاکستان کے محمد حفیظ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کے مطابق بھارت بہترین ٹیم ثابت ہوئی ہے اور اس فہرست میں پاکستان کا نمبر چھٹا ہے جب کہ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر تک پہنچنے میں کامیاب ہو سکیں اسی طرح سری لنکا اور ویسٹ انڈیز توقع کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں.