لاہور: پاکستان کو ٹیسٹ میں نمبر ون پوزیشن پر آنے کا انعام مل گیا، کپتان مصباح الحق نے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سے خصوصی گرز حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک پروقار تقریب ہوئی ، تقریب میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے مصباح الحق کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کا گرز پیش کیا، گرز حاصل کرنے کے بعد مصباح الحق نے یادگار فوٹو سیشن کرایا۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
پاکستان آئی سی سی چیمپئن شپ کا منفرد اعزاز حاصل کرنے والا پانچواں ملک بن گیا، پہلی پوزیشن پر رہنے تک گرز پاکستان کے پاس رہے گا۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ ، انگلینڈ ، آسٹریلیا اور بھارت یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز برابر کرتے ہوئے پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار رینکنگ میں سرفہرست بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ لارڈز میں مصباح الحق اور ٹیم کے پش آپس نے ٹاپ پوزیشن کو اور بھی یادگار بنادیا تھا۔
مزید پڑھیں : پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ رینکنگ کی نمبر ون ٹیم بن گئی
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ رینکنگ میں صرف ایک پوائنٹ کا فرق ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کو ابھی نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنا ہیں اور اگر ان میں مصباح کی ٹیم اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی تو یکم اپریل دو ہزار سترہ کو دس کروڑ روپے کا انعام دیا جائے گا۔