دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کی بہتری کے لئے نئے قوانین متعارف کرادیئے۔ امپائرز مزید بااختیار ہوگئے۔ میچ کے دوران جھگڑا کرنے والے کھلاڑیوں کو گراؤنڈ سے باہر نکانے کا اختیارمل گیا۔
تفصیلات کے مطابق میری لی بون کرکٹ کمیٹی کی سفارشات پر آئی سی سی نے نئے قوانین متعارف کرا دیئے ہیں۔ نئے قوانین کے مطابق فیلڈ امپائر مزید بااختیار ہوگئے ہیں۔
امپائر کے فیصلے پر اعتراض، بلا ضرورت اپیل ، کھلاڑی سے جھگڑا کرنے دھمکانے، جان بوجھ کر بیٹسمین کی جانب گیند پھیکنے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر مخالف ٹیم کو پانچ اضافی رنز دیئے جائیں گے۔
نئے قوانین کے مطابق ساتھ ہی متعلقہ کھلاڑی کو میچ سے باہر بھی کیا جاسکے گا۔ رن آؤٹ کے حوالے سے بھی قوانین میں تبدیلی کی گئی ہے۔
کریز میں پہنچنے کے بعد بیٹ ہوا میں ہونے کی صورت میں فیصلہ بیٹسمین کے حق میں دیا جائے گا۔ نئے قوانین میں آؤٹ کرنے کے طریقہ کار دس سے کم کرکے نو کردیا گیا۔ نئے قوانین کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔