جوہانسبرگ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے افریقی باؤلر عمران طاہر کے جنید جمشید کو خراج تحسین پیش کرنے کا نوٹس لے لیا، آئی سی سی کے مطابق باؤلر نے جو حرکت کی وہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔
آئی سی سی سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران طاہر نے جوہانسبرگ میں سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں آوٹ کرنے کے بعد ٹی شرٹ اوپر کی جو کرکٹ کونسل کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق عمران طاہر کا جنید جمشید کو خراج عقیدت پیش کرنا قانون کے سیکشن جی ون کی خلاف ورزی ہے کیونکہ کھلاڑی کھیل کے دوران یونیفارم اور دیگر چیزیں کرکٹ کونسل کے ضابطے کے مطابق پہننے کے پابند ہوتے ہیں۔
پڑھیں: جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر عمران طاہرکا جنید جمشید کو انوکھے انداز میں خراج عقیدت پیش
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق کوئی بھی کھلاڑی بغیر منظوری کے کسی مذہبی شخصیت کی تصویر والی شرٹ یا ٹی شرٹ نہیں پہن سکتا تاہم اگر وہ کرکٹ بورڈ سے منظوری حاصل کر لے تو اُس کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔
اعلامیے کے مطابق طاہر نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی ہے جس کے بعد آئی سی سی نے مزید کارروائی نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاہم کھلاڑی کو پابند کیا ہے کہ وہ آئندہ اس قسم کی حرکت سے گریز کریں۔
یاد رہے پاکستانی نژاد افریقی باؤلر عمران طاہر نے گزشتہ دنوں سری لنکا سے کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آوٹ کرنے کے بعد اپنی شرٹ اوپر کی جس کے بعد اندر کی شرٹ پر آویزاں جنید جمشید کی تصویر واضح ہوگئی تھی، اس دوران انہوں نے پویلین میں بیٹھے عوام کی طرف منہ کیا جس پر عوام کی جانب سے اس اقدام کو سراہا گیا۔