پاکستان میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان نے مسلسل تیسری جیت حاصل کرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔
لاہور میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ون ڈے میچ گرین شرٹس نے با آسانی 65 رنز سے شکست دے کر رواں سال ہونے والے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کی راہ مزید ہموار کر لی ہے۔
پاکستان ویمنز نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم کیربیئن ٹیم 39.2 اوورز میں 126 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ عالیہ الینی 22 اور شبیکا گجنبی 21 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔
پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر فاطمہ ثنا رہیں، جنہوں نے صرف 16 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ نشرا سندھو اور رامین شمیم نے دو، دو جب کہ سعدیہ اقبال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 191 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ سدرہ امین نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 54 رنز بنائے اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔منیبہ علی 33 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
مسلسل تیسری فتح کے ساتھ پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پہلے جب کہ بنگلہ دیش دوسرے نمبر پر ہے۔ ٹاپ کی دو ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔