دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اعلان کر دیا جس میں 9 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اعلان کر دیا جس میں 9 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ دو سال پر محیط چیمپئن شپ میں 27 سیریز کھیلی جائیں گی جس میں مجموعی طور پر 72 ٹیسٹ ہوں گے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا ٹیسٹ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان یکم اگست سے شروع ہوگا اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جون 2021 میں انگلینڈ میں ہوگا۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوران ہر ٹیم تین ملکی اور تین غیر ملکی سیریز کھیلے گی اور ہر سیریز کے 120 پوائنٹس ہوں گے۔ دو ٹیسٹ میچ پر مشتمل سیریز کے 60، 60 پوائنٹس ہوں گے جبکہ 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں ہر میچ کے 40 پوائنٹس ہوں گے۔
آئی سی سی کے مطابق اسی طرح 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک میچ جتینے پر 30 پوائنٹس ملیں گے جبکہ میچ برابر ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 15، 15 پوائنٹس ملیں گے اور میچ ڈرا ہونے کی صورت میں دونوں ٹیمیں 10، 10 پوائنٹس کی حقدار ٹھہریں گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک میچ جیتنے پر 24 پوائنٹس ملیں گے جبکہ برابر ہونے کی صورت میں 12 اور ڈرا ہونے پر 8 پوائنٹس ملیں گے۔
جنرل منیجر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل جیف آلارڈائس کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ سے باہمی سیریز میں مقابلہ بڑھے گا۔
انگلش ٹیم کے فاسٹ باؤلر جیمی اینڈرسن نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو زبردست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ بڑی اہمیت کی حامل ہے جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کہتے ہیں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے منتظر ہیں۔