اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

کراچی ایئرپورٹ پر بے بی پاؤڈر کی بوتلوں سے آئس برآمد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بے بی پاؤڈر کی بوتلوں سے آئس برآمد ہو گئی، مردان کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کے خلاف ملک گیر 8 کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ پر ایک مسافر سے 1 کلو 256 گرام آئس، اور 6 کلو 500 گرام مشکوک مواد برآمد ہوا، مردان کا رہائشی غیر ملکی پرواز سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہو رہا تھا، برآمد شدہ آئس بے بی پاؤڈر کی 2 بوتلوں میں چھپائی گئی تھی۔

اے این ایف اور کسٹم کی مشترکہ کارروائی میں جی پی او آٖفس میں پارسل سے 270 گرام چرس برآمد ہوئی، یہ پارسل بنکاک کے لیے بُک کرایا گیا تھا۔ فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر سے 390 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، پاکپتن کا رہائشی ملزم غیر ملکی پرواز سے دبئی جا رہا تھا، ہیروئن ملزم کے کپڑوں میں چھپائی گئی تھی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق راولپنڈی کے رہائشی ملزم سے 100 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں، کوہاٹ ہنگو بائی پاس کے قریب تھیلوں میں چھپائی گئی 14 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی، لاہور میں واقع پدھانہ گاؤں میں ملزم سے 1020 گرام آئس برآمد کی گئی، لاہور میں نجی کوریئر آفس میں پارسل سے 922 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، جو لیدر سے بنے 600 کینچی کے کوورز میں چھپائی گئی تھی۔

کوئٹہ کچلاک بائی پاس کے قریب غیرآباد علاقے سے 90 کلو چرس، اور 20 کلو ہیروئن برآمد ہوئی، یہ منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی، تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں