کراچی: آئس کریم پارلر فائرنگ کیس میں پراسیکیوشن ایم کیو ایم لندن کے کارکن سمیت 3 ملزمان پر جرم ثابت کرنے میں ناکام ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ایک آئس کریم پارلر کے مالک اور ملازم کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔
پراسیکیوشن 10 سال بعد بھی ایم کیو ایم لندن کے کارکن سمیت 3 ملزمان پر جرم ثابت کرنے میں ناکام رہی، جس پر عدالت نے ایم کیو ایم کے کارکن ابو تراب، فیصل اور فرقان کو بری کر دیا۔
پولیس کے بیان کے مطابق 19 فروری 2014 کو گلشن اقبال میں آئسکریم پارلر پر فائرنگ کی گئی تھی، جس سے مالک سیف اللہ اور ملازم محمد قریش جاں بحق ہو گئے تھے، فائرنگ سے دکان میں موجود شہری نواب اور حنا زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس نے واردات میں ملوث ہونے کے الزام میں ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے کارکن سمیت تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف تھانہ گلشن اقبال میں قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔