کراچی : اے ایس ایف نے آئس ہیروئن اور سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو خواتین سمیت تین ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس نے (اے ایس ایف) نے باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی آئس ہیروئن کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنادیا۔
دو مسافر یوسف علی اور اس کی والدہ رمضانہ نجی ایئرلائن کی پرواز پی اے 670کے ذریعے عمرے کی ادائیگی کیلئے جدہ جارہے تھے، مسافروں کے سامان کی چیکنگ کی گئی تو بیگ کے خفیہ خانوں سے دو کلو دو سوساٹھ گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی گئی۔
برآمد ہونے والی ہیروئن کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے، اے ایس ایف نے ملزمان ماں بیٹے کو ابتدائی سے تفتیش کے بعد اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا۔
علاوہ ازیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے ٹورنٹو جانے والی خاتون مسافر کو سونا اسمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
مزید پڑھیں: فیصل آباد، انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی، 19 افراد گرفتار
اس حوالے سے ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ صائمہ نامی اسمگلر خاتون پی آئی اے کی پرواز پی کے 789 سے ٹورنٹو جارہی تھی کہ سامان کی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے تیس تولہ سونے کے بسکٹ برآمد ہوئے، مذکورہ خاتون کو برآمد کیے جانے والے سامان سمیت کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا۔