ریو ڈی جنیرو: جاپانی خاتون ریسلر کاؤری آئچو نے مسلسل چوتھا طلائی تمغہ جیتنے والی اولمپک کی تاریخ کی پہلی خاتون ایتھلیٹ بننے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا.
تفصیلات کے مطابق برازیل میں جاری ریواولمپکس 2016 میں ریسلنگ کے ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت کر جاپانی خاتون ریسلر نے اولمپکس میں مسلسل چار بار طلائی تمغے جیت کر عالمی ریکارڈ بنادیا.
برازیل میں ریو اولمپکس 2016 میں دلچسپ مقابلوں کے ساتھ ساتھ عالمی ریکارڈ بننے اور ٹوٹنے کا سلسلہ بھی جاری ہے.
کاؤری آئچو نے ریو اولمپکس 2016 کے ویمنز فری اسٹائل 58 کلو گرام کیٹگری فائنل میں چوتھا گولڈ میڈل جیتا اور وہ اولمپک گیمز کے کسی بھی ایونٹ میں مسلسل چوتھا گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پہلی خاتون ایتھلیٹ بن گئیں.
جاپانی خاتون ریسلر سالہ کاؤری آئچو 2004، 2008 اور 2012 میں 63 کلو گرام کیٹگری میں تین گولڈ میڈل اپنے نام کرچکی ہیں.
انہوں نے 10 مرتبہ عالمی چیمپیئن رہنے والی روسی ایتھلیٹ ویلریا کوبلووا زہلوبوا کو ہرا کر کامیابی اپنے نام کی.
کاؤری آئچو نے چوتھے گولڈ میڈل پر قبضہ کر کے یہ اعزاز حاصل کرنے والی جاپان کی پہلی خاتون ریسلر بھی بن گئی ہیں.
واضح رہے کہ جاپانی ریسلر اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں مسلسل 4 میڈلز جیتنے والوں کی فہرست میں شامل ہوگئیں،اولمپکس مقابلوں میں مسلسل 4 میڈلز جیتنے والوں امریکی پیراک مائیکل فیلپ، امریکی ایتھلیٹ کارل لوئس، ایتھلیٹ ال اوریٹر، ایتھلیٹ بین این سیلے، ایتھلیٹ پاؤل ایلز اسٹروم شامل ہیں.