نئی دہلی: بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ کلبھوشن یاددو دہشت گرد ہے، عالمی عدالت نے بھارتی جاسوس کو قونصلر تک رسائی سے متعلق حکم نہیں دیا۔
بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے عبد الباسط نے کہا کہ پاکستان آئی سی جے سے معاہدے کے تحت احکامات کو مانے گا مگر قومی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کلبھوشن دہشت گرد ہے، عالمی عدالت انصاف کا حکم نامہ عارضی ہے اور اس کا حتمی فیصلے سے کوئی تعلق نہیں، آئی سی جے نے قونصلر رسائی سے متعلق کوئی حکم جاری نہیں کیا۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ کلبھوشن کیس میں جلد بازی کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ عام شہری نہیں بلکہ دہشت گرد ہے، کلبھوشن پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا جس کے ثبوت بھی موجود ہیں۔
یاد رہے کبلھوشن کو بچانے کے لیے بھارت کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں درخواست دائر کی گئی تھی جس پر آئی سی جے نے فیصلہ سناتے ہوئے عارضی حکم نامہ جاری کیا ہے۔