کراچی : دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016ء آج سے کراچی میں شروع ہوگی، نمائش میں جدید اور نئے دفاعی آلات پیش کیے جائیں گے۔
ملک کی سب سے بڑی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016ء کی تیاریاں عروج پر ہیں، حربی ساز وسامان کی عالمی نمائش آئیڈیاز 2016ء کراچی میں آج سے شروع ہورہی ہے، جو 26 نومبر تک جاری رہے گی۔
نویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 حکومت پاکستان کے تعاون سے ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن منعقد کررہی ہے۔
نمائش میں 43 ممالک سے 90 وفود شرکت کریں گے جبکہ 261 غیر ملکی اور 157 پاکستانی اسلحہ ساز کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کریں گی۔
مزید پڑھیں: آئیڈیاز 2016 پچھلے سال کی نسبت زیادہ وسیع اور ہمہ جہت ہے، طاہر جاوید
ایئر کموڈور طاہر جاوید کا کہنا تھا کہ نمائش میں الخالد ٹینک، جے ایف تھنڈر، کے ایٹ ایئر کرافٹ سمیت فاسٹ اٹیک ایئر کرافٹ بھی رکھے جا رہے ہیں جب کہ پُر مشاق، کے 18 ایئر کرافٹ اور فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل بوٹس، یو اے ویز اور بکتر بند گاڑیاں ، ملٹری آلات اور ٹیکنالوجی بھی نمائش کا حصہ ہوں گے۔
اس موقع پر بریگیڈئیر وحید ممتاز کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے اور یہ کہ صرف ایک ادارہ دفاعی برآمدات کا ذمہ دار نہیں، نمائش میں اعلیٰ کوالٹی کی مصنوعات رکھی جائیں گی۔
بریگیڈیئر وحید ممتاز نے کہا کہ ضرب عضب کامیابی کی کہانی ہے، دشوار گزار علاقوں سے دشمن کا صفایا کیسے کیا، دنیا سے شئیرکریں گے۔
چار روز تک جاری رہنے والی نمائش میں پانچ سیشن ہوں گے، جس میں ماہرین پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال پر مقابلے بھی پیش کریں گے۔
مزید پڑھیں: آئیڈیاز 2016، متبادل ٹریفک پلان کا اعلان
نمائش کے حوالے سے سیکیورٹی کے بھی سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، اطراف کی عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے، اس بار نمائش میں اسٹالز لگانے والوں کی تعداد ماضی کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔
دوسری جانب اس موقع پر ایس پی ٹریفک ارم اعوان نے میڈیا کو ٹریفک منصوبے اور متبادل انتظامات کے بارے میں بتایا، جو خاص طور پر آئیڈیاز2016 کے دوران عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹریفک روٹس، انتظامات اور متبادل روٹس کے بارے میں پلان کو ایکسپو سینٹر کے ارد گرد نمایاں کیا جائے گا تاکہ عوام کو انتظامات اور روٹس کے بارے میں معلومات حاصل ہوسکیں۔