کراچی: دفاعی نمائش آئیڈیاز دو ہزار اٹھا رہ کے لیے ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا اعلان کردیا، آئیڈیاز نمائش27 سے30 نومبر تک ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جائے گی، اس حوالے سے شہری کسی پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستہ اختیار کریں۔ لیاری ایکسپریس وے کے دونوں ٹریک شہریوں کے لیے کھلے رہیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے ایکسپو سینٹر کراچی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی نمائش کے چار دن اسٹیڈیم فلائی اور سے حسن اسکوائر روڈ کو صبح 7بجے سے عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا، جبکہ شام 6بجے کھول دیا جائے گا ۔
رہائشی اپنا شناختی کارڈ دکھا کر اپنے گھر یا ایریا میں جاسکیں گے ، کراچی ایئر پورٹ سے براستہ کار ساز نیشنل اسٹیڈیم کی طرف آنے والا ٹریفک بلوچ کالونی کی طرف موڑ دیا جائے گا، ٹیپو سلطان برج شہید ملت روڈ کا ٹریفک جیل فلائی اوور یونیورسٹی روڈ غریب آباد منتقل کیا جائے گا۔ براؤن رنگ اور زرد رنگ کی پٹی والے بیئریئر عام پبلک کے لیے بند ہوں گے جبکہ آسمانی رنگ اور مرون پٹی والے بیئر یئر ہیوی ٹریفک کو فلٹر کر کے متبادل روٹ کے لیے جانے دیں گے ۔
کسی بھی قسم کے ہیوی ٹریفک کو نیشنل اسٹیڈیم کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ صرف چھوٹی گاڑیاں سرشاہ سلیمان روڈ یا پھر بائیں جانب حسن اسکوائر سے پہلے یونیورسٹی روڈ کی طرف جا سکیں گی ۔ ہیوی ٹریفک کے لیے فلٹر پوائنٹس لیاقت آباد 10نمبر سے سہراب گوٹھ ، نیپا چورنگی، اسی طرح ملینئم اور کارساز سے موڑ دیا جائے گا۔
ہیوی ٹریفک سائٹ سے شاہراہ فیصل یا کارساز آنے والے ٹریفک کو لیاقت آباد 10 نمبر شاہراہ پاکستان سے موڑ دیا جائے گا۔ عام ٹریفک لیاقت آباد، غریب آباد سے شاہراہ فیصل یا کار ساز آنے والے ٹریفک کو حسن اسکوائر فلائی اوور سے پہلے بائیں طرف صہبا اختر روڈ، مچھلی کٹ ، یونیورسٹی روڈ یو ٹرن ، جعفری آپٹکس ، کے ڈی اے سوسائٹی، نیشنل اسٹیڈیم کی پچھلی جانب اور آگے کی طرف منتقل کیا جائے گا۔
نیو ٹاؤن سے آنے والے ٹریفک کو لیاقت آباد جانے دیا جائے گا۔اسی طرح یونیورسٹی روڈ کے دونوں ٹریک چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیپا کا ٹریفک جعفری آپٹکس سے بائیں طرف کے ڈی اے سوسائٹی( نیشنل اسٹیڈیم کے پیچھے )، اسٹیڈیم روڈ براستہ اسٹیل یار کٹ، بحریہ کالج یو ٹرن دائیں طرف آغا خان ہسپتال یا حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ اور آگے کی طرف جائے گا۔
سہراب گوٹھ کا ٹریفک شاہراہ پاکستان شیر شاہ گڈ روڈ ( ناگن سے آگے بورڈ آفس) جائے گا۔اسٹیڈیم روڈ آئیڈیاز کے دوران کھلا رہے گا ۔صرف مخصوص اسٹیکر لگی ہوئی گاڑیاں اسٹیڈیم روڈ سے کراچی ایکسپو سینٹر کی طرف جائیں گی، جہاں وہ مخصوص پارکنگ میں کھڑی کی جائیں گی اورباقی ٹریفک اسٹیڈیم پل سے نیچے اسٹیڈیم روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔تمام روٹس، راستے کوئی گاڑی روڈ کے ساتھ یا قرب و جوار میں پارکنگ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر عوام اور ارد گرد کے رہائشی ٹریفک پولیس کی دی گئی معلومات کی پابندی کریں۔ پارکنگ کے لیے جگہ اسٹیدیم ، نیشنل کوچنگ سینٹر ، سوک سینٹر ، اور ایکسپو سینٹر کے احاطے میں بنائی گئی ہیں۔