کوئٹہ: چیئرمین بلوچستان بورڈ پروفیسر یوسف نے کہا ہے کہ کرونا کی صورت حال جاری رہی تو تنخواہیں ادا نہیں کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاک ڈاؤن کے باعث فیس جمع نہ ہونے اور دیگر وسائل موجود نہ ہونے کے باعث بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مالی مشکلات کا شکار ہے۔
ذرائع بلوچستان بورڈ کا کہنا ہے کہ تنخواہوں،پنشن سمیت بورڈ کے یومیہ اخراجات ڈھائی کروڑ سے زائد ہیں۔
چیئرمین بلوچستان بورڈ پروفیسر یوسف کا کہنا ہے کہ صرف چار پانچ ماہ تک تنخواہیں ادا کرسکتے ہیں،صورت حال یہی رہی تو پھر تنخواہیں بھی ادا نہیں کر سکیں گے۔
پروفیسر یوسف کا کہنا تھا کہ تنخواہوں اور دیگر اخراجات کے لیے حکومت سے گرانٹ طلب کریں گے۔