اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان گرفتار ہوتا تو ملک میں خانہ جنگی شروع ہوجاتی،سپریم کورٹ پر اعتماد ہے وہی اس ملک کو بچائے گی۔
اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں تحریک انصاف کے جلسہ عام ’’یوم تشکر‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کل بہت پریشان تھا کہ خدا نخواستہ عمران خان کی گرفتاری عمل میں آ گئی تو ملک میں خانہ جنگی برپا ہوجائے گی لیکن سپریم کورٹ نے احسن قدم اُٹھا کر ملک کو انارکی سے بچا لیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں نواز شریف کو اندر سے جانتا ہوں وہ بزدل آدمی ہے جب ہی اپنے وفاقی وزیر کو قربانی کا بکرا بنایا ہے لیکن ہمیں پرویز رشید کی قربانی قبول نہیں،اصل کرداروں کو منطقی انجام تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈبل شاہ گھبراؤ نہیں، تمہارے لیڈرکی باری آنےوالی ہے اور پوری قوم کو پتا ہےکہ ڈاکٹر عاصم کون ہے اور اُن کے کرتوتوں کے پیچھے اصل کردار کون ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مودی سے پینگیں بڑھا کر کشمیریوں کو مایوس کیا ہے لیکن اب عمران خان کی قیادت میں بچہ بچہ کشمیریوں کےساتھ کھڑا ہے اور کشمیریوں کو حقوق دلوا کر ہی دم لیں گے۔
انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ عوام بتائیں کہ عمران خان کےعلاوہ کون سا لیڈر رہ گیا ہے جو ملک کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلا سکتا ہے، عمران کے علاوہ کوئی نہیں اب عوام کی آخری امید عمران خان ہی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں خود عمران خان کا وکیل ہوں میں سپریم کورٹ نہیں جانا چاہتا تھا، میں کبھی بینک گیا ہوں اورنہ ہی کبھی کسی بینک سے قرضہ لیا ہے اور نہ کسی کے قرضے معاف کروائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دو نومبر کے لاک ڈاؤن کو یوم تشکر میں تبدیل کرنے پر کچھ لوگوں نے کہا کہ ہم نے سولو فلائٹ لی، تو میں سوال کرتا ہوں کہ کیا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نکلیں جو کرپٹ حکومت کے ہمنوا بن چکے ہیں؟