وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بھارت پانی روکے گا تو پھر پاکستان جنگ کے لیے تیار ہے۔
وفاقی وزیر برائے داخلہ محسن نقوی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت سے زیادہ جنگ کے لیے تیار ہیں، ہم جنگجو قوم ہیں جنگ لگی تو ہم سب مل کر بھارت سے لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور سب کا موقف ایک ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے اور ’را‘ دو نام ایک تنظیم ہے، کالعدم بی ایل اے کے لوگ کن سے ملاقاتیں کرتے ہیں ہم سب جانتے ہیں، جن دہشت گردوں کو ہم پکڑنا چاہتے ہیں بھارتی ٹی وی پر ان کے انٹرویو چلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئے روز دہشت گردی کا واقعہ ہوتا ہےکیا کبھی بھارت نے مذمت کی بلکہ بھارت میں تو انہیں ہیرو کہا جاتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر جانبدار فریق پہلگام اور جعفرآباد واقعے کی تحقیقات کریں، پاکستان شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے اور بھرپور تعاون کرنے کے تیار ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ مختلف علاقوں سے 7 دیسی ساختہ بارودی سرنگیں پکڑی ہیں، سیکیورٹی فورسز ملک کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان بھارت کے اس ڈرامے کو بے نقاب کرنا چاہتا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا ہوا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ حل ہونا چاہیے، پاکستان کشمیر سے متعلق اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔