کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عوام کا تعاون نہیں رہا تو کرونا سے جان چھڑانا مشکل ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں627 کرونا وائرس کے مریض ہیں، 272 زائرین ہیں جومجموعی مریضوں کا 43 فیصد بنتے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 62 کیسز ایسے ہیں جو باہر سے آئے اور مجموعی کیسز کا 10 فیصد ہیں،مقامی منتقلی کے 293 کیسز ہیں جو مجموعی کیسز کا 47 فیصد ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں برائے مہربانی گھروں میں رہیں، ہم اس بیماری کو عوام کی مدد سے ہی شکست دے سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا تعاون نہیں رہا تو کرونا سے جان چھڑانا مشکل ہوجائے گا۔
کرونا وائرس: سندھ میں کیسز کی تعداد 627 ہو گئی
دوسری جانب وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ سندھ میں 61 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 627 ہو گئی ہے، وائرس سے 7 مریض انتقال کر چکے ہیں جب کہ 42 مریض بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 ہو گئی ہے، حیدرآباد میں 14 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد تعداد 57 ہوگئی ہے، جامشورو میں 2 اور جیکب آباد میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔