پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

رانا ثنا 31 دسمبر تک مستعفی نہ ہوئے تو شہباز شریف استعفیٰ دیں، پیر سیالوی کا الٹی میٹم

اشتہار

حیرت انگیز

گوجرانوالہ: پیر حمید الدین سیالوی نے کہا ہے کہ اگر رانا ثنا اللہ نے 31 دسمبر تک استعفی نہ دیا تو شہبازشریف خود مستعفیٰ ہوجائیں، وعدہ کریں کہ آئندہ مسلم لیگ ن کو کبھی ووٹ نہیں دیں گے۔

گوجرانوالہ میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ تمام علماء سے کہتا ہوں کہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے متحد ہوجائیں تاکہ نبی ﷺ کی رسالت پر کوئی آنچ نہ آسکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے رانا ثنا اللہ کے استعفے کے لیے کانفرنس منسوخ کرنے کی استدعا کی مگر وہ اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ گئے، وزیراعلیٰ پنجاب وزیر قانون سے استعفیٰ لیں ورنہ 31 دسمبر تک خود مستعفیٰ ہوجائیں۔

- Advertisement -

پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ ملک پر کوئی بھی آنچ آئے گی تو سب سے پہلے گولی کے لیے اپنا سینہ پیش کروں گا کیونکہ میں نبی پاک ﷺ کی ذات پر قربان ہونے کو تیار ہوں۔

انہوں نے پنڈال میں موجود شرکاء سے وعدہ لیا کہ وہ آئندہ کسی بھی صورت میں مسلم لیگ ن کو ووٹ نہیں ڈالیں گے کیونکہ حکومت نے وعدہ خلافی اور غداری کی، پیر حمید الدین سیالوی نے شرکاء سے یہ بھی عہد لیا کہ ہم بکنا، جھکنا اور ڈرنا نہیں ہے۔

پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ ’مسلمانوں کے جذبات سے نہ کھیلا جائے، اگر یہ آگ بھڑک اٹھی تو کوئی بھی نہیں بچ سکے گا، حکومت کے پاس ابھی بھی وقت ہے کہ وہ ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کرنے اور غیر مسلموں کو اپنا بھائی کہنے والوں کے خلاف کارروائی کرے‘۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا، پنجاب کے اہم رہنما نے ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑ دی

کانفرنس سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن پنجاب کی علما کمیٹی کے رکن نے ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ  تحریک لبیک یارسول اللہ کے کارکنان نے گزشتہ ماہ  ڈاکٹر آصف جلالی کی سربراہی میں 7 روز تک پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دیا تھا، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ رانا ثنا اللہ فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوں اور اپنے آپ کو مسلمان ثابت کریں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے دھرنا ختم کروانے کے لیے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس میں خواجہ سعد رفیق، میاں مجتبی، شجاع الرحمان جبکہ مذہبی جماعت کی کمیٹی میں مفتی عابد جلالی،میاں ولید شرقپوری سمیت دیگر قائدین شامل تھے۔

دھرنا قائدین نے مطالبہ کیا تھا کہ خواجہ حمید الدین سیالوی نے 3 دسمبر تک رانا ثنا اللہ کا استعفیٰ طلب کیا ہے، وزیر قانون پنجاب کو وضاحت کے لیے ہمارے پاس آنا چاہیے، بعد ازاں صوبائی وزیر نے مستعفیٰ ہونے سے صاف انکار کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ’کسی بھی چیز کا فیصلہ ہمارے سیاسی پیر نوازشریف کریں گے‘۔

اسے بھی پڑھیں: ختم نبوت کا معاملہ، مسلم لیگ ن کو ایک اور دھچکا، رکن اسمبلی مستعفی

حکومتی وعدہ خلافی پر مذہبی جماعتوں نے پیر حمید الدین سیالوی کی سربراہی میں رانا ثنا اللہ کا استعفے لینے کے لیے تحریک کا آغاز کیا جس کے تحت پہلا جلسہ فیصل آباد کے علاقے دھوبی گھاٹ میں 10 دسمبر کو منعقد کیا گیا جبکہ آج گوجرانولہ میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کو ختم نبوت کے معاملے پر پہلا بڑا دھچکا فیصل آباد کے جلسے میں لگا تھا کیونکہ اس جلسے میں  رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، ڈاکٹر نثا جٹ جبکہ رکن پنجاب اسمبلی نظام الدین سیالوی، محمد خان بلوچ، مولانا رحمت اللہ سمیت کئی بلدیاتی امیدواران نے بھی مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں