کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ خدانخواستہ کرونا کی وبا اسکولوں میں پھیلی تو صورت حال خراب ہوسکتی ہے، والدین ماسک اور ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد کرائیں۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایس اوپیز فالو کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے اسکولز کو مزید ایک ہفتے کا وقت دیا، 28تاریخ کو مرحلہ وار اسکول کھولنے کا جائزہ لیا جائے گا، کرونا وائرس نوجوانوں میں زیادہ پایا جارہا ہے،
انہوں نے کہا کہ بچے جب اسکول جائیں تو لازمی ماسک پہنیں، جان سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے، 39875ٹیسٹ اسکولوں میں کرچکے ہیں جن میں سے 185مثبت آئے، احتیاط کے علاوہ کرونا کا کوئی علاج ابھی تک نہیں آیا، جب تک کرونا ویکسین آئے ہمیں بہت احتیاط کی ضرورت ہے، وبا اب بھی موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ نے کرونا پر ٹاسک فورس27فروری کو بنائی تھی، کل کرونا ٹاسک فورس میٹنگ میں صورت حال کاجائزہ لیا، ہم نے ٹیسٹنگ کی تعداد پہلے سے بھی بڑھادی ہے، کل ہم نے 18ہزار ٹیسٹ کیے تھے۔
وزیراعلیٰ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کروناصورت حال میں کاروباربند ہونے سے بڑا نقصان ہوا، دوسری جانب سندھ میں غیر معمولی بارشیں ہوئیں، 27اگست کی بارش نے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دیئے تھے، 96فیصد شہر کو 48گھنٹے میں صاف کیا گیا تھا، سب کو پتہ ہے کس طرح نالوں پر قبضے اور تجاوزات بنیں، کراچی کا سیوریج سسٹم کافی پرانا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جب بارشیں ہوئیں تو ہم لوگ سڑکوں پر تھے، وفاقی حکومت سے سخت احتجاج کرتا ہوں، وفاقی حکومت نے سندھ کی صورتحال پر بے حسی دکھائی، تباہ ہونے والے انفرااسٹرکچر پر کام کررہے ہیں، وزیراعظم کو بارشوں کے باعث تباہی کے حوالے سے خط بھی لکھا تھا۔