اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کی پالیسیاں بہتر ہوئیں توحکومت بھی ویلکم کرے گی، پرامید ہیں اپوزیشن ملک کے مفاد میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے اہم قومی معاملے پر یکجہتی کا اظہار کیا، سیاسی جماعتوں نے پختگی کا مظاہرہ کر کے قانون سازی کی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ملکی سلامتی، دفاع کو یقینی بنانا وزیراعظم کی ذمہ داری ہوتی ہے، آج وزیراعظم نے اپنی ذمہ داری نبھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت،جمہوری سوچ رکھنے والی جماعتوں نے پاکستان کو تقویت دی، پاکستان کا دفاع مضبوط بنانے کے لیے مثبت قدم اٹھایا گیا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پرامید ہیں اپوزیشن ملک کے مفاد میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہوگی، سیاسی محاذ پر ایک دوسرے سے سیاسی انداز میں گفتگو جمہوریت کا حسن ہے، اختلاف یا تنقید کرنا جمہوریت کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قانون سازی کسی ایک شخصیت یاا دارے کے سربراہ کے لیے نہیں تھی، یہ قانون سازی ہمارے محفوظ مستقبل کے لیے تھی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے کوئی ایسی بات نہیں آئی کہ نوٹی فکیشن غلط تھا، ہمیں مثبت سوچ کو آگے لے کر چلنا ہے، سپریم کورٹ کی گائیڈلائن کو ہی ہم نے عملی جامعہ پہنایا ہے۔
سینیٹر شبلی فرار نے کہا کہ قانون سازی کا مرحلہ آج مکمل ہوا ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، موجودہ صورت حال کے پیش نظر یہ ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ تب ہی مضبوط ہوتی ہے جب عوامی مسائل حل ہوں۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ یہ قومی مفاد کی قانون سازی ہے، ان بلز کا کثرت رائے سے منظور ہونا بڑی کامیابی ہے، آگے بھی جو بلز ایوان میں آئیں تو ان میں بھی سنجیدگی ہونی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2020 کا بہت اچھا آغازہوا ہے، ہم اب تیزی سے قانون سازی لائیں گے جن کا براہ راست فائدہ عوام کو ہوگا۔