اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کوشش ہے عالمی طور پر افغانستان کے لیے آسانی پیدا ہوجائیں، طالبان انتقامی کارروائی نہیں کرتے تو ان کی ساکھ بہتر ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ ہفتہ اور اتوار کے دن یورپین وزرائے خارجہ سے گفتگو ہوئی، پاکستان کے تعاون پر ہر ایک ملک نے شکریہ ادا کیا، پاکستان نے غیرملکی شہریوں کو ویزے جاری کرکے ان کو افغانستان سے نکالا، ہم انسانی ہمدردی کے تحت ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان کابل میں کردار ادا کررہا ہے، ابتر صورت حال کے باوجود انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کررہے ہیں، کوئی ہمارے کام کا اعتراف کرے یا نہ کرے ہمارا ضمیر مطمئن ہے۔
طالبان نے امریکا کو خبردار کر دیا
وزیرخارجہ نے اپنی گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ کابل ایئرپورٹ پر ہزاروں لوگ پہنچیں گے تو دباؤ آئے گا، کابل میں لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت ہمارےکنٹرول میں نہیں، لوگوں کا انخلا کرنا ہے تو کابل ایئرپورٹ انتظامیہ کا تعاون چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے عالمی طور پر افغانستان کے لیے آسانی پیدا ہوجائیں۔