کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اگر ہم سمجھ رہے ہیں کہ کرونا پر قابو پالیا تو یہ درست نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں تقریباً 11 ہزار 790 ٹیسٹ روزانہ کر رہے ہیں،گزشتہ 15 دنوں میں 1 لاکھ 55 ہزار سے زائدٹیسٹ کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھ رہے ہیں کہ وبا پر کنٹرول کر لیاگیا یہ غلط بات ہوگی،عیدالاضحیٰ بھی آ رہی ہے پھر 2 ماہ بہت اہم ہیں۔
ٹڈی دل کے حوالے سے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کے خطرے کے پیش نظر نیشنل ایکشن پلان بنایاگیا ہے،ٹڈی دل کے مسئلے کا حل نکالنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
لوڈ شیڈنگ سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں 18 سے 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے،حکمرانوں کے کانوں پر جوں نہیں رینگتی۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو تحویل میں لے لیں،دیکھتا ہوں کیا کرتے ہیں،ہم نے حیسکو اور سیپکو کے لیے نواز شریف دور میں آفر دی تھی۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ڈھائی لاکھ کے قریب پہنچ گئی
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس انفیکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 48 ہزار 872 ہو گئی ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 12 واں ملک ہے۔