پاکستان کے مایہ ناز سابق اسپنر ثقلین مشتاق نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو چیلنج دے دیا۔
ثقلین مشتاق نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو چیلنج کیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف تمام فارمیٹس میں ایک جامع دو طرفہ سیریز کا انعقاد کرے۔
نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ثقلین نے کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم غالب ہونے کا دعویٰ کرتی ہے تو اسے پاکستان کے خلاف تمام فارمیٹس کی مکمل سیریز کھیلنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔
ثقلین نے کہا کہ اگر ہم سیاست کو ایک طرف رکھیں تو ان کے کھلاڑی بہت اچھے ہیں اور وہ اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اگر آپ واقعی ایک اچھی ٹیم ہیں تو آئیے پاکستان کے خلاف 10 ٹیسٹ، 10 ون ڈے اور 10 ٹی ٹوئنٹی کھیلیں۔ اس سے سب کچھ طے ہو جائے گا۔
یہ ریمارکس 23 فروری کو چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے ہاتھوں یکطرفہ مقابلے میں شکست کے بعد سامنے آئے ہیں۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ پاکستانی ٹیم مضبوط ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے اگر وہ خود کو مکمل تیاری کے لیے وقف کرے اگر ہم اپنی تیاری کو درست کرتے ہیں اور چیزوں کو درست سمت میں طے کرتے ہیں تو ہم دنیا اور ہندوستان کو بھی ٹھوس جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔