اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی افتخار درانی نے کہا ہے کہ ابوظبی کے ولیٔ عہد کا سرکاری دورۂ پاکستان ایک روزہ تھا۔
تفصیلات کے مطابق معاونِ خصوصی وزیرِ اعظم افتخار درانی نے کہا ہے کہ محمد بن زید النہیان کا سرکاری دورہ ایک روزہ تھا، جو طے شدہ شیڈول کے تحت مکمل ہوا۔
انھوں نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کی دعوت پر ہونے والے اس سرکاری دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارت کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دو طرفہ تعاون کو نئی جہت ملے گی۔
میڈیا نمائندگان سے درخواست ہے کہ دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات اور اس دورے کی اہمیت کے پیش نظر محض فرضی باتوں کی بنیاد پر دورے سے متعلق غیر ضروری تبصرے اور قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
— Iftikhar Durrani (@DuraniIftikhar) January 6, 2019
افتخار درانی نے مزید کہا کہ میڈیا نمائندگان سے درخواست ہے کہ دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات اور اس دورے کی اہمیت کے پیشِ نظر محض فرضی باتوں کی بنیاد پر غیر ضروری تبصرے اور قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری نے ولی عہد ابوظبی کی اچانک روانگی کی خبروں کی تردید کر دی
خیال رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں ولی عہد ابوظبی کی اچانک روانگی کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ولیٔ عہد تین دن سے پاکستان میں تھے۔
وزیرِ اطلاعات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ولیٔ عہد کی اچانک روانگی کی خبر ایک ایسے صحافی نے دی ہے جو دفترِ خارجہ تک گیا ہی نہیں۔