کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے شہر کے ہر علاقے میں اسٹریٹ لائبریئر قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق کمشنر و موجودہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شہر قائد میں اسٹریٹ لائبریری قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لائبریریوں میں بچے، بڑے سب بیٹھ کر کتابیں پڑھ سکیں گے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ لائبریریوں میں ریڈنگ پروگرام منعقد ہوں گے، ریڈنگ پروگرام میں رائٹرز شرکت کریں گے۔
افتخار شالوانی نے کہا کہ پروگراموں میں اسکولوں کے بچوں کی ملاقات اور گفتگو کرائی جائے گی اور پہلا پروگرام لیاری اسٹریٹ لائبریری میں منعقد ہوگا۔
اس سے قبل افتخار شلوانی کا کہنا تھا کہ ٹرام سروس چلنے سے کراچی کی تاریخی حیثیت بحال ہوگی، کراچی کو پھر استنبول کی طرح سیاحتی شہر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 14 ستمبر کو ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شلوانی نے فریئر ہال لائبریری کی خراب صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تاریخی لائبریری کو فوری طور پر بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔